1.  Home
  2. Blog
  3. Ammar Raajpoot
  4. Log Kya Kahenge?

Log Kya Kahenge?

لوگ کیا کہیں گے؟

لوگ کیا کہیں گے اتنا بڑا ہو کر فیڈر پیتا ہے؟ لوگ کیا کہیں گے ابھی تک بستر میں پیشاب کرتی ہے؟ لوگ کیا کہیں گے پہلے سال پہلے درجے (نرسری) میں ہی اتنے کم نمبر لیے ہیں؟

آپ غور کریں کہ یہ "لوگ کیا کہیں گے؟" کی گردان شروع کہاں سے ہو رہی ہے؟ انتہائی بچپن سے اور گردان کرنے والے کون ہیں؟ ماں، باپ، بہن بھائی یعنی آپ کے انتہائی قریبی، جن کے آپ پیارے ہیں جو آپ کو سب سے زیادہ پیارے ہیں۔ انہوں نے ہی بہت بچپن سے ہمیں یعنی مجھے اور آپ کو ایک ایسے انجانے، ان دیکھے اور قدرے غیرحقیقی خوف میں مبتلا کر دیا ہے۔ جو کبھی تو وجود ہی نہیں رکھتا تھا اور کبھی اگر وجود رکھتا بھی ہو تو آپ کے اور میرے لیے کوئی معنی ہی نہیں رکھتا تھا کہ لوگ کیا کہیں گے۔

یہاں تک یہ تو آپ نے جان لیا کہ لوگ کیا کہیں گے والا ایٹم بم بنا کہاں ہے اور آیا کہاں سے ہے۔ اب دیکھتے ہیں کہ اس میں دم خم کتنا ہے۔ اس کی مار اور رفتار کتنی ہے۔ یہ سوال ایسا ہے کہ میرے جواب کی بجائے آپ خود ہی اپنے دلِ زخم خوردہ سے پوچھ لیں کہ کتنی ہی جگہوں پر کچھ کرنے کی چاہ کے باوجود آپ بس اس لیے ٹھہر کے رہ گئے کہ "لوگ کیا کہیں گے؟" وہ پل خوشی کے ہوں گے، کامیابی کے ہوں گے، کسی اچیومنٹ کے پر سیلیبریشن کے ہوں گے۔ کسی خاص عنوان پر آپ کے اظہاریے یا بیانیے کے ہوں گے۔ مگر آپ اس لیے چپکے سے ہو رہے کہ "لوگ کیا کہیں گے؟"

میں آج آپ کو اس آئٹم بم کو ناکارہ (ڈفیوز) کرنے کا ایک کا سادہ سا حل دیتا ہوں، مجھ سے مفت "خرید" لیجئے اور عمل کر دیکھیے۔ فارمولا یہ ہے کہ جو کام آپ کرنے جا رہے ہیں اس کے اخلاقی اور معاشرتی پہلو دیکھیں، کیا اس سے کسی قسم کا شر تو نہیں پھیلے گا؟ کسی کا نقصان تو نہیں ہوگا؟ یہ کام یا بات واقعی بِلو دی بلٹ یا لائق شرم و عبث تو نہیں ہے؟ اگر مذکورہ بالا سوالوں کا جواب نفی میں ہے تو اب دیکھیں کہ کیا اس سے کسی کو فائدہ پہنچے گا؟ آپ کو اس کام کے کرنے سے خوشی ملے گی؟ آپ کا ضمیر مطمئن ہے؟ اور اگر ان سوالوں کا جواب اثبات میں ہے تو پھر بڑھیئے اور چھا جائیے۔

آخر میں ٹپ کے طور پر آپ کو لوگوں کے روئیے سے متعلق ایک دلچسپ بات بتاؤں؟ یہ رویہ بہت سارے کیسز میں آپ کے سفر کے دورانیہ اور کامیابی کے چانسز پر انحصار کرتا ہے۔ اگر آپ اپنے سفر کے شروع میں ہیں تو منفی جملے، ہتک آمیز رویہ اور تمسخر ملے گا۔ "یہ منہ اور مسور کی دال؟ بیٹھ جا بھائی، آیا بڑا تیس مار خان وغیرہ وغیرہ۔ " درمیان میں پہنچ چکے ہیں تو۔ "اس نے کون سا سننا ہے، لگا رہنے دو، یہ تو ہے ہی ایسا، شوق سے برباد ہونا اسے ہی تو کہتے ہیں۔ وغیرہ وغیرہ"

اور اگر آپ گونگے بن کر اس سب سے نکل گئے اور منزل پر پہنچ کر اپنی کامیابی کا جھنڈا گاڑھ دیا تو اب یہ لوگ ایک سو اسی کے اینگل پر گھوم جائیں گے، آپ کے اردگرد تالیاں بجاتے ہوئے جمع ہو جائیں گے۔ دیکھا، ہم نہیں کہتے تھے لونڈا کچھ بڑا کرے گا، ایک آواز آئے گی یار ہمیں تو شروع دن سے پتہ تھا یہ کر کے دکھائے گا، ایک آواز آئے گی مجھے تم پر یقین تھا، ایک آواز آئے گی میں سب سے کہتا تھا دیکھنا ایک دن یہ کر دکھائے گا۔

اب آپ لوگ بتائیے کہ اس متعلق آپ کا تجربہ، مشاہدہ یا سوچنا کیسا ہے؟ اور زندگی میں کتنی بار کچھ کرتے کرتے بس اس لیے رہ گئے کہ "لوگ کیا کہیں گے"؟

Check Also

Baat Karne Ki Space Mafqood

By Syed Mehdi Bukhari