1.  Home
  2. Blog
  3. Asfar Ayub Khan
  4. Islamabad Expressway

Islamabad Expressway

اسلام آباد ایکسپریس وے

اس کالم میں میڈیا ٹاؤن سے اسلام آباد ایکسپریس وے تک ٹریفک کے بے پناہ رش کا مطالعہ کیا گیا ہے اور اس کی بنیادی وجہ جاننے کی کوشش کی گئی ہے۔ ہمارے نزدیک اس کی بنیادی وجہ پی ڈبلیو ڈی سے راولپنڈی کے مرکز کچہری چوک تک کسی شاہراہ کا نہ ہونا ہے۔ اس سڑک پر موجود آبادیوں مثلاََ پی ڈبلیو ڈی، پولیس فاؤنڈیشن، میڈیا ٹاؤن، بحریہ ٹاؤن اور دیگر مین رہائش پزیر آبادی کا کثیر حصہ اپنے کام کے لئے راولپنڈی سے وابستہ ہے۔

ان تمام لوگوں کو مرکزی راولپنڈی جانے کے لئے اسلام آباد ایکسپریس وے یا قومی شاہراہ جی ٹی روڈ کا رخ کرنا پڑتا ہے۔ جس کے باعث ان شاہرات پر ٹریفک کا لوڈ بھی بڑھ جاتا ہے اور رش کی صورتحال بھی مزید دگر گوں ہو جاتی ہے۔ مزید برآں ہر دو سڑکوں پر جانے کے لئے اضافی ایندھن خرچ کرنا پڑتا ہے جو عوام الناس کی جیب پر خاصا بھاری پڑتا ہے۔

اس صورتحال کے تناظر میں، ہم ایک نئی سڑک کا منصوبہ پیش کرنا چاہتے ہیں، جس کا کثیر حصہ پہلے ہی بنا ہوا ہے۔ یہ سڑک پی ڈبلیو ڈی روڈ پر موجود تندوری ریسٹورنٹ کے ساتھ سے شروع ہوتی ہے اور کورنگ ٹاؤن میں کورنگ نالہ پر ختم ہو جاتی ہے۔ اس جگہ پر نالہ کی چوڑائی لگ بھگ 600 فٹ ہے۔

اگر اس نالہ پر ایک پل بنا دیا جائے اور دوسری طرف موجود ائرپورٹ ہاوسنگ سوسائٹی کی مرکزی شاہراہ راجہ ضمیر روڈ سے ملا دیا جائے تو اسلام آباد اور راولپنڈی کا ایک انتہائی کار آمد راستہ معرضِ وجود میں آئے گا۔ اس سڑک کے بننے کے نتیجہ میں کم از کم 10 کلومیٹر کا فاصلہ کم ہو جائے گا۔ ثانوی فوائد میں ایکسپریس وے اور جی ٹی روڈ پر گاڑیوں کی تعداد میں کمی آئے گی جس کی بدولت ان کے انتظامی و انصرامی خرچہ جات میں نمائیاں کمی آئے گی۔

ہماری قارئین کرام سے گزارش ہے کہ اگر میری اس التجا کو وزارت منصوبہ بندی تک پہنچا دیں تو ہی ہماری آنے والی نسلوں کے لئے ایک عظیم کاوش ہو گی۔ اللّٰہ تعالیٰ ہم سب کا حامی و ناصر ہو۔

Check Also

Thar Canal (2)

By Zafar Iqbal Wattoo