1.  Home/
  2. Blog/
  3. Hamid Hassan/
  4. Hunar Kabhi Marta Nahi Hai

Hunar Kabhi Marta Nahi Hai

ہنر کبھی مرتا نہیں ہے

اندرون لوہاری گیٹ لاہور میں ایک معمر نعل ساز ہیں جن کی دکان پر لوہے کی چوکھاٹ پر ایک تاریخ لکھی ہے جو 18ویں صدی کی ہے۔ ان سے پوچھنے پر پتہ چلا کہ صدیوں سے نعل سازی کا کام کر رہے ہیں اور یہ ہنر ان کی نسل میں ہی چلتا آ رہا ہے۔ انگریز دور میں ان کے آباؤ اجداد نے یہ دکان بنائی تھی ان کے آباؤ اجداد اپنے وقت کے بہترین نعل سازوں میں شمار کئے جاتے تھے۔

پاکستان بننے کے بعد بھی فوج اور نوابوں کے گھوڑوں کی نعلیں ان کے آباؤ اجداد بنایا کرتے تھے۔ سینکڑوں شاگردوں کو نعل سازی کے ہنر سے مزین کئے جنہوں نے پاکستان، ہندوستان کے شہروں میں جا کر روزگار کیا۔ تین صدیاں گزر چکی ہیں اور پانچ چھ نسلوں سے یہ ہنر تواتر کے ساتھ منتقل ہوتا ہوا آ رہا ہے۔ ان کے آباؤ اجداد کے ہنرمندی کا لگایا ہوا درخت آج بھی پھل دے رہا ہے۔

آپ نے اکثر دیکھا ہوگا کہ بہت سے کاروبار ایسے ہوتے ہیں جو صدیوں سے نسل در نسل چلے آ رہے ہیں۔ شہروں کے قدیم بازاروں میں آج بھی آپ کو ان کے آثار ملیں گے۔ کسی دور میں آباؤ اجداد نے کسی کام کی بنیاد رکھی اس میں محنت کی، کوئی ہنر ایجاد کیا، کسی کام میں مہارت حاصل کی اور پھر اپنی اولاد میں وہ ہنر منتقل کر دیا۔ کوئی بھی ہنر ہو اسی طرح نسل در نسل چلتا ہے اور پھلتا پھیلتا رہتا ہے نسلیں مٹی ہو جاتی ہیں لیکن ہنر زندہ رہتا ہے۔

آپ کسی خاندانی کاریگر کو اپنے ہنر میں ماہر اور یکتا دیکھ کر پوچھتے ہیں کہ اتنا اچھا کام کیسے کر رہے ہیں تو وہ فخر سے کہتا ہے کہ جی باب دادا سے یہ کام چلتا آ رہا ہے۔ بہت سے ہنرمند اپنے پیشہ کے ساتھ خاندانی کا نام فخریہ طور پر لکھتے ہیں جیسے خاندانی حکیم، خاندانی لوہار، خاندانی ترکھان وغیرہ وغیرہ۔ اور لوگ اپنے خاندانی اور موروثی ہنر پر فخر کرتے ہیں۔

اگر آپ ہنرمند ہیں آپ کو کوئی بھی ہنر آتا ہے تو اسے اپنی اولاد اور شاگردوں کو ضرور سکھائیں۔ اگر آپ کوئی بھی سکل جانتے ہیں اور اس سے رزق کما رہے ہیں تو ضروری ہے کہ اپنی سکل کو اپنی اولاد اور شاگردوں میں لازمی منتقل کریں تاکہ عمر بھر وہ بھی فیض یاب ہو سکیں۔ ہنرمندی بہت بڑی نعمت ہے اور ہنر اپنے ہنرمند کے معاش میں سود مند ثابت ہوتا ہے۔ ہنر چاہے کوئی بھی ہو وہ اپنے ہنرمند کے لئے معاون و مددگار ہوتا ہے۔ کوئی بھی ہنر ہو اس کی اپنے مقام پر ڈیمانڈ ہوتی ہے اور ہمیشہ اس کی ضرورت باقی رہتی ہے۔

موجودہ اور آنے والا ڈیجیٹل سکل کا دور ہے۔ اگر آپ نے ابھی تک کوئی سکل نہیں سیکھی تو کوشش کریں کوئی ایک سکل لازمی سیکھ لیں۔ آپ کسی بھی فیلڈ سے منسلک ہیں تو ٹائم نکال کر ضرور سیکھیں۔ اگر آپ خود نہیں سیکھ سکتے تو اپنی اولاد کو لازمی سکھا دیں۔ انشاء اللہ العزیز تاحیات فائدہ مند ثابت ہوگی۔

Check Also

Americi Intikhabat Aur Meri Wapsi

By Mojahid Mirza