1.  Home/
  2. Blog/
  3. Hamid Hassan/
  4. Soda Water Business

Soda Water Business

سوڈا واٹر بزنس

راولپنڈی میں ویسے تو سوڈا واٹر کی بہت سی دکانیں ہیں اور مری روڈ اس حوالے سے بہت فیمس ہے مگر دو پوائنٹ بہت مشہور ہیں پپوجی سوڈا واٹر بینظیر بھٹو چوک، وکی سوڈا واٹر شمس آباد میٹرو سٹاپ چوک۔

پپوسوڈا واٹر بہت زیادہ فیمس اور مشہور ہے اس جگہ پر ہر وقت رش رہتا ہے خاص کر مغرب کے بعد یہاں کا سوڈا واٹر پینے کے لئے کافی انتظار کرنا پڑتا ہے۔ پپو جی کی کوالٹی یہ ہے کہ وہ ایک ساتھ کافی تعداد میں سوڈے کی بوتلیں بہت سپیڈ سے کھولتے ہیں تو ارد گرد بہت سے لوگ ٹھا ٹھا کی آواز سننے کے لئے کھڑے ہوتے ہیں اسی کمال مہارت ٹھاٹھا کی وجہ سے پپو جی کا دوسرا نام اے کے فورٹی سیون بھی ہے۔

پپو جی سے پوچھا کہ روزانہ کا کتنا منافع ہوتا ہے ہنس کر کہنے لگے کہ روزانہ کی تقریباً 3 سے 4 ہزار بوتلیں نکلتی ہیں اگر فی گلاس 10 روپے منافع بھی لگایا جائے تو سیدھا سیدھا 40 ہزار منافع بنتا ہے۔ اسی طرح وکی سوڈا واٹر والے سے ایک بار منافع کا پوچھا تو ان کی بھی ایورج اتنی ہی ہے۔ لیکن اوسطاً فی گلاس 10 روپے سے منافع زیادہ ہوتا ہے۔

یہ دو سوڈا واٹر پوائنٹ راولپنڈی کے مشہور ہیں دکھنے میں ایک چھوٹے سے ٹھیے سے اتنا اچھا منافع اس لئے کہ انہوں نے ایک لمبا عرصہ محنت اور استقامت سے اپنی جگہ بنائی ہے۔ چھوٹے موٹے کاموں والے اکثر بزنس سوچ سے کہیں زیادہ منافع دیتے ہیں لیکن ان کے پیچھے جدوجہد کا ایک طویل سفر ہوتا ہے۔ کوئی بھی بزنس ہو وہ کامیاب ضرور ہوتا ہے شرط یہ ہے کہ اس کا معیار برقرار رکھا جائے اور ہر حال میں استقامت کے ساتھ جاری رکھا جائے۔

سوڈا واٹر بزنس گرمیوں کی مشہور سوغات ہے لوگ بڑے شوق سے پیتے ہیں اس کے اجزاء میں لیموں، چینی، کالا نمک، برف اور سوڈا شامل ہے۔ سوڈا واٹر ہاضمے کے لئے بہت مؤثر سوغات سمجھی جاتی ہے۔ سوڈا واٹر مناسب انویسٹمنٹ سے شروع ہونے والا ایک منافع بخش سمال بزنس ہے۔ اس بزنس کی کامیابی کے لئے کوالٹی، صفائی اور شہر کی مشہور مین جگہ ہونا ضروری ہے۔ سوڈا واٹر بزنس 10 ہزار سے شروع کیا جا سکتا ہے اس کے لئے ضروری اشیاء کی فہرست بھی زیادہ لمبی چوڑی نہیں ہے۔ ایک عدد ریڑھی یا پھٹہ، سوڈے کی بوتلیں، ایک بالٹی میں چینی کا شیرہ، لیموں کی ٹوکری، لیموں کا رس نکالنے والا آلہ، ایک عدد چھری، ایک عدد مگ، اور ڈسپوزل گلاس۔

گلاس میں برف ڈالی، لیموں کا رس نکال کر گلاس میں ڈالا، چینی کا شیرہ ڈالا، تھوڑا سا کالا نمک ڈالا اور سوڈا واٹر کی بوتل کھول کر اس میں ڈالی، مگے میں ہلا کر گلاس میں ڈالی اور سٹرا ڈال کر کسٹمر کو پیش کر دی اس پراسس میں فقط چند منٹ لگتے ہیں۔ اگر آپ اپنا پارٹ ٹائم بزنس کرنا چاہتے ہیں تو سوڈا واٹر ایک بہترین سمال بزنس ہے جو مناسب انویسٹمنٹ سے شروع کیا جا سکتا ہے۔ اسی جگہ سے سردی گرمی دونوں موسموں میں فائدہ لیا جا سکتا ہے گرمیوں میں سوڈا واٹر اور سردیوں میں سوپ یخنی وغیرہ۔

سوڈا واٹر بزنس کا منافع۔

سوڈا واٹر ایک گلاس عموماً 50 روپے کا ہوتا ہے اور ایک گلاس کا کل ملا کے خرچہ تقریباً 25، 30 روپے بھی ہو تو 20 روپے بچت ہے، لیکن اپنی دیہاڑی، جگہ کا کرایہ اور دیگر تمام خرچے نکال کر 10 روپے فی گلاس بھی ہو تو دن میں اگر 100 گلاس نکلیں تو 1000 روپے منافع ہے۔

بزنس شروع کرنے کے لئے آئیڈیا اور ضروری اشیاء۔

شہر کی مشہور جگہ تلاش کریں ایک عدد ریڑھی یا ٹھیہ لیں بہترین قسم کا پینا فلیکس اور اشتہار ڈیزائن کروا کر اپنی سمال ایڈوٹائزنگ کریں۔ تمام اشیاء پوری کریں جیسے ریڑھی یا پھٹہ یا میز، برف رکھنے کا ڈبہ، ڈسپوزل گلاس، سٹرا، لیموں والی جالی، چاقو چھری، بوتل کھولنے والا رنگ، مکس کرنے کے لئے مگا، کالا نمک، شیرہ وغیرہ۔

سوڈے کی بوتلیں گھر میں تیار کی جا سکتی ہیں اس کا مکمل طریقہ الگ سے موجود ہے لیکن عموماً سوڈےکی بوتلیں بنی بنائی لی جاتی ہیں۔ اگر اپنی بوتلیں تیار کر سکتے ہیں تو بہت بہتر ورنہ بنی بنائی بوتلیں خریدیں، دیگر اشیاء خریدیں اور اللہ کا نام لے کر یہ کام شروع کر دیں انشاء اللہ اچھا منافع ہوگا۔ اس بزنس کو مزید ماڈرن بنانے کے لئے کسٹمر کو ٹشوپیپر میں گلاس پیش کریں، بیٹھنے کی جگہ صاف ستھری رکھیں اور اپنا معیار بہتر رکھیں انشاء اللہ یہ بزنس جلد پھلے پھولے گا۔

Check Also

Dard e Dil Ke Wastay

By Sanober Nazir