1.  Home
  2. Blog
  3. M Bilal M
  4. Aao Followers Barhayen

Aao Followers Barhayen

آؤ فالورز بڑھائیں

آپ سوشل میڈیا سلیبریٹی بننا چاہتے ہیں مگر لاکھ جتن کے باوجود بھی بن نہیں پا رہے تو سنیں۔ ماہرین کے مطابق دنیا میں اور خاص طور پر پسماندہ ممالک میں سب سے زیادہ ایسے دماغ پائے جاتے ہیں کہ جو زندگی کی مشکلات کے حل کا شارٹ کٹ ڈھونڈتے، جذباتی نعروں سے متاثر ہوتے اور سب سے بڑھ کر دوسروں کی ذاتی زندگی بارے جاننے میں ضرورت سے زیادہ دلچسپی لیتے ہیں۔ پس جس نے ان دماغوں کو ٹرک کی بتی پیچھے لگا لیا، گویا اس نے فالورز کی کثیر تعداد پا لی۔

لہٰذا اگر آپ کو سوشل میڈیا سلیبریٹی بننا ہے تو اس کا آسان نسخہ یہ ہے کہ لمبے چوڑے فلسفوں کو خیر باد کہیں اور بس چٹکلے چھوڑا کریں۔ اس کے علاوہ بے شک ناقابلِ عمل ہی سہی مگر لوگوں کو خوشیاں حاصل کرنے، مثلاً پیسے کمانے کے شارٹ کٹ بتائیں۔ بے شک آپ اپنی خوشی کے لئے کوئی کام کر رہے ہیں یا پیسوں کے لئے نوکری، مگر اس میں خدمت کا نعرہ بھی شامل کر لیں۔

مثلاً سیاح ہیں تو سیاحت کی ترویج کا نعرہ بھی مارتے رہیں۔ ڈاکٹر، استاد یا جو کچھ بھی ہیں، مگر وقتاً فوقتاً یہ جتانا یا کہنا نہ بھولیے گا کہ "ہم تو جی بس مخلوق خدا کی خدمت کر رہے ہیں"۔ اور سب سے بڑھ کر کسی کی یا اپنی ذاتی زندگی کی سچی و جھوٹی کہانیاں سنائیں۔ مثال کے طور پر بیگم کی باتوں کو بطور چٹکلے لکھیں، اپنی مشکلات اور پریشانیوں کے قصے سنا کر ہمدردیاں سمیٹیں۔

کسی کے متعلق افواہیں اڑائیں، متنازع موضوعات پر بات کریں، وغیرہ وغیرہ۔ ویسے افواہوں اور سازشی نظریات پر تو دنیا مر مٹتی ہے۔ لوگ قصہ کہانیاں ہی تو سننا چاہتے ہیں حضور۔ اور ہاں کبھی کبھار وڈے لوگوں سے اپنے تعلقات کی ہوائیاں بھی چھوڑتے رہا کریں۔ کیونکہ اکثریت اس سے بھی بڑی متاثر ہوتی ہے۔ یوں وہ آپ کو بھی بڑا آدمی سمجھ کر فالو کرنے لگتے ہیں۔

آپ جس حد تک شارٹ کٹ بتاتے، جذباتی نعرے لگاتے، اپنی ذاتی زندگی کو عیاں کرتے اور افواہیں اڑاتے جائیں گے، اسی تعداد سے لوگ آپ کے گرد جمع ہوتے جائیں گے۔ گویا مداری لگائیں اور اپنے آپ یا دیگران کو تماشا بنائیں تو ہجوم اکٹھا ہو جائے گا۔ ورنہ بامقصد مواد تخلیق کرنے، آرٹ کے نادر نمونے دکھانے، محبتیں پھیلانے، شارٹ کٹ کی بجائے مسائل کا درست حل بتانے اور دقیق نکات زیرِ بحث لانے بیٹھ گئے تو پھر بڑے "اوکھے پینڈے" حضور۔ کیونکہ دنیا میں ایسی باتیں سننے اور سمجھنے کا شوق رکھنے والے بہت کم ہیں۔

درج بالا تحریر کی روشنی میں: مقامِ تصویر، دیگر معلومات اور سیکھنے سکھانے کو ماریں گولی۔ صرف یہ دیکھیں کہ کتنے خوبصورت رنگ پکڑے ہیں۔ بس جی، اپنا کیا شوق ہونا اور کیا فوٹوگرافی کرنی ہے، ہم تو بس لاکھ مشکلات کے باوجود بھی آپ کے لئے ایسے نظارے کھوجتے ہیں اور دنیا کو وطنِ عزیز کی خوبصورتی دیکھا کر بس سیاحت کی ترویج کر رہے ہیں جی۔ ہماری یہی قربانی دیکھ لیں کہ ابھی بیگم صاحبہ لڑ رہی تھیں کہ فلاں کام کیوں نہ کیا مگر میں نے بھی کہہ دیا کہ نہ بیگم نہ، مجھ سے کوئی اور کام نہ ہووے ہے۔ مجھے تو بس پوسٹ لکھ کر خدمتِ خلق کرنی ہے۔ دیکھیں جی! میں نے کتنی خوبصورت بات کی ہے۔

Check Also

Kashmiriyon Se Bjp Kyun Darti Hai?

By Wusat Ullah Khan