1.  Home
  2. Blog
  3. M Bilal M
  4. Camera Kharidna Chahiye Ya Nahi?

Camera Kharidna Chahiye Ya Nahi?

کیمرہ خریدنا چاہیئے یا نہیں؟

کچھ سال پہلے تک سیر و سیاحت کے دوران بس یاداشت کے لئے سمارٹ فون وغیرہ سے کچھ تصویریں بناتا، جبکہ بطور لکھاری الفاظ کے ذریعے منظر کھینچتا۔ وقت گزرتا گیا اور الفاظ سے منظرنامہ کھینچتے کھینچتے معاملہ ڈی ایس ایل آر کیمرے سے منظر پکڑنے تک پہنچ گیا۔ یوں باقاعدہ فوٹوگرافر بھی بن گیا۔ تب سے فوٹوگرافی کے متعلق مسلسل پڑھتا، نت نئے تجربات کرتا، معلوماتی ویڈیوز دیکھتا اور نئی سے نئی تکنیک سیکھتا چلا آ رہا ہوں۔

ویسے اس کام میں ایسا مزہ آیا کہ "سفر کی تصاویر" کے ساتھ ساتھ "تصاویر کے لئے سفر" بھی ہونے لگا۔ یہ سب بتانے کا مقصد اپنی فوٹوگرافی کی مختصر کہانی بیان کرنا ہے، تاکہ دوست احباب کو اندازہ ہو سکے کہ ہماری فوٹوگرافی کا سفر کیسے اور کہاں سے شروع ہوا تھا اور آج بھی سیکھنا سیکھانا چل رہا ہے۔

اس تحریر میں اگر کہیں صرف فوٹو یا ویڈیوگرافی لکھوں تو اس کا مطلب دونوں ہی ہوں گے۔ ویسے بھی تکنیکی اعتبار سے تصاویر کا تسلسل ہی ویڈیو ہوتی ہے۔ بہرحال موضوع کی طرف لوٹتے ہوئے عرض ہے۔ دیکھیں جی! سب سے پہلے یہ فیصلہ کریں کہ آپ نے سیر و سیاحت کی فوٹوگرافی کرنی ہے یا فوٹوگرافی کے لئے سیر و سیاحت؟ گویا آپ کی پہلی ترجیح کیا ہے؟ اور اگر دونوں بھی ہیں تو کس سطح کا کام کرنا چاہتے ہیں؟

• اگر روزمرہ یا سیر و سیاحت کی اچھی تصویریں اور ویڈیوز بنانا چاہتے ہیں تو اس کے لئے آج کے جدید سمارٹ فون کیمرے بہترین کام کرتے ہیں۔ بس ساتھ میں اک مناسب سا ٹرائی پاڈ (سٹینڈ) خرید لیں۔ جبکہ اصل کام تو یہ ہے کہ تصویر کی تکنیک اور کمپوزیشن کے حوالے سے تھوڑا بہت پڑھیں اور سیکھیں۔ ویسے فون کیمرے کے کئی فوائد ہیں۔ مثلاً شروع میں فوٹوگرافی کی پیچیدگیاں سیکھنی نہیں پڑتیں، بلکہ فون کا آرٹیفیشل انٹیلیجنس سسٹم خودبخود کئی کام سر انجام دے دیتا ہے۔

اور تو اور اب سمارٹ فونز میں کئی اقسام کی فوٹوگرافی کے لئے پہلے سے لگے لگائے لینزز اور کیمرے آتے ہیں۔ مزید یہ کہ فون کیمروں میں زبردست "امیج سٹیبلائزر" بھی آ چکے ہیں۔ یوں ویڈیوز بنانے کے لئے علیحدہ سے گمبل وغیرہ کی ضرورت نہیں پڑتی۔ اس کے علاوہ وزن میں ہلکے، چلتے پھرتے اور خاص طور پر ٹریکنگ کے دوران زندگی آسان ہو جاتی ہے۔

• اگر آپ کی پہلی ترجیح فوٹوگرافی ہے، بلکہ پروفیشنل لیول کی فوٹوگرافی، کچھ ہٹ کر کام کرنا اور باقاعدہ فوٹوگرافر بننا چاہتے ہیں تو یہ ایک پوری سائنس ہے اور فون کیمرے سے آپ کا مکمل کام نہیں ہونے والا۔ لہٰذا آپ کو فون کیمرے سے قدرے بڑے امیج سینسر اور لینز تبدیل ہونے والے یعنی ڈی ایس ایل آر یا مررلیس کیمرے اور اپنی فوٹوگرافی کی نوعیت کے حساب سے چند ایک لینزز اور دیگر سازوسامان کی ضرورت ہوگی۔ تبھی جدید سطح کا کام کر سکیں گے۔

لیکن اس کے لئے پہلے آپ کو باقاعدہ فوٹوگرافی کی تکنیک اور مشین چلانی سیکھنی پڑے گی۔ ساتھ ساتھ اڈوبی لائیٹ روم یا فوٹوشاپ استعمال کرنا آنا چاہیئے۔ اور ویڈیوگرافی کی صورت میں پریمیئر پرو یا ایسا ہی کوئی دوسرا ایڈیٹنگ سافٹ ویئر۔ اور ان کے لئے ایک تگڑا لیپ ٹاپ یا ڈیسکٹاپ درکار ہوگا۔ یہ سارے گیئرز اینڈ گیجٹس خیر سے لاکھوں روپے میں آئیں گے اور سیر و سیاحت کے دوران آپ کے کندھوں پر لاکھوں روپے کا بوجھ تو ہوگا مگر ساتھ ساتھ پانچ دس کلو اضافی وزن بھی ہوگا۔ جسے سنبھالنا، موسمی اثرات اور ٹھوکروں سے محفوظ رکھنا اپنے آپ میں خود ایک بڑا کام ہے۔

آسان الفاظ میں یہ کہ سمارٹ فون ایک دو چھوڑ کر باقی ہر قسم کی فوٹوگرافی میں بہترین کام کرتا ہے اور اپنے زبردست سافٹ ویئر کی مدد سے "ریڈی ٹو یوز" تصویر بنا کر دیتا ہے۔ زیادہ سے زیادہ آپ کو ہلکا پھلکا "ٹیں ٹاں" کرنا پڑ سکتا ہے۔ جبکہ بڑے کیمرے کے "ششکے" تو ہوتے ہیں اور اس سے وہ فوٹوگرافی بھی کی جا سکتی ہے کہ جو فون کیمرے سے ممکن نہیں ہوتی، مگر بڑے کیمرے اور اس کے سازوسامان کے اپنے ہی بکھیڑے ہوتے ہیں۔ اسے استعمال کرنے سے لے کر تصویر تیار کرنے تک اپنی ہی مشکلات ہوتی ہیں۔

میں آپ کو ڈرا نہیں رہا بلکہ ٹریول فوٹوگرافر بن کر جو خود پر بیت رہی ہے، اس کی ہلکی پھلکی شکل دیکھا رہا ہوں۔ بہرحال میرا مشورہ تو یہ ہے کہ اگر پہلے سے آپ کا فوٹوگرافی میں کوئی خاص تجربہ نہیں اور سیر و سیاحت کے دوران اچھی فوٹوگرافی بھی کرنا چاہتے ہیں تو شروع میں اچھا سا سمارٹ فون لیں اور زیادہ زور گیئرز اینڈ گیجٹس کی بجائے فوٹوگرافی کی تکنیک اور کمپوزیشن وغیرہ پر دیں۔ وقت کے ساتھ ساتھ جیسے جیسے آپ کا کام نکھرے گا تو خود پتہ چلتا جائے گا کہ مزید بہتری کے لئے کس چیز یا کیمرے کی ضرورت ہے۔

باقی تہاڈی مرضی

ستے خیراں

Check Also

Kashmiriyon Se Bjp Kyun Darti Hai?

By Wusat Ullah Khan