Saturday, 18 May 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Muhammad Saleem
  4. Bhaag Lagge Rain

Bhaag Lagge Rain

بھاگ لگے رین

سائیکلنگ کے نام پر کی جانے والی ایکٹیویٹی کے دوران ناشتے کیلئے ہمارا دسترخوان لگانا بنتا تو نہیں مگر کیا کیجیئے کہ میرے سوا ٹیم کے سارے ممبران عرب دوست ہیں جو کھانے کھلانے کے ایثار میں سبقت لیجانے کی روایتوں کے امین ہیں۔ ان لوگوں کو دسترخوان پر بٹھا لیجیئے تو جو دعائیں دیتے ہیں ان میں ایک دعا (غیر مسنونہ) جو سب سے نمایاں ہوتی ہے وہ "سُفرۃ دایمۃ انشاء اللہ" ہوتی ہے جس کا مطلب (آپ کا دسترخوان ہمیشہ کشادہ رہے یا دراز رہے) ہوتی ہے جو بعینیہ ہماری قلندرانہ دعا "بھاگ لگے رین" کا مترادف ہے۔

آجکل ہم سائیکلنگ کے دوران دو بار دسترخوان لگاتے ہیں۔ ایک بار جس جگہ رک کر صبح کی نماز پڑھتے ہیں وہاں پر نماز کے بعد "قہوہ اور کھجور" کیلئے دسترخوان لگتا ہے جس پر کوئی نہ کوئی دوست گھر سے بنوا کر لایا ہوا باجرے کے آٹے کا کیک (نمکین جس میں میٹھا نہ ہونے کے برابر)، بنت الصحن (یمنی ہوم میڈ کیک جس پر شہد انڈیل کر میٹھا کر کے کھایا جاتا ہے یا باجری کی چھوٹی چھوٹی ٹکیاں بھی ساتھ رکھ دیتا ہے۔

بہرحال اس تقریب کے بعد سب لوگ تازہ دم ہو کر پھر سے سفر شروع کرتے ہیں۔ آج ہم چار بجکر بیس منٹ پر مقرر کردہ مقام سے روانہ ہوئے۔ پانچ بجکر چالیس منٹ پر ایک مناسب جگہ پر رک کر نماز فجر ادا کی، سنسان سڑک کے کنارے بیٹھ کر اندھیرے میں سکون کے ساتھ اذکار کیئے۔ قہوہ، کھجور اور لبنانی ڈیلائٹس سے لطف اندوز ہونے کے بعد دوبارہ سفر شروع کیا۔

تقریباََ بیس کلومیٹر ہائی وے کے ساتھ چل کر ایک دیہات میں داخل ہوئے۔ ایک طرف پہاڑ اور پہاڑوں سے نیچے بہتا خوبصورت نالہ ساتھ چلتا رہا تو دوسری طرف دیہاتی آبادی جو اتنی بھی دیہاتی نہیں ہوتی۔ ان علاقوں میں صبح کی ابتداء سورج نکلنے سے پہلے ہو جاتی ہے۔ نہر کے کنارے بنے پختہ پشتوں پر دیہاتی عورتیں کپڑے دھو رہی ہوتی ہیں۔ ماڈرن والی جاگنگ کر رہی ہوتی ہیں اور کاشتکاری والی کھیتوں کو جا یا آ کھیتوں سے آ رہی ہوتی ہیں۔

سینٹر پوائنٹ ایک ڈرنکنگ واٹر ریسورسز ڈیم تھا جس پر ہم شارٹ کٹ کے چکروں میں منیجمنٹ سائیڈ پر آ گئے اور سیکیوریٹی نے ہمیں اوپر نہ جانے دیا۔ ایک دوست اوپر چلا بھی گیا تھا تو اسے اتار لائے۔ ہم نے ضد کی کہ اوپر کے خوبصورت ماحول میں بیٹھ کر ہم ناشتہ کریں گے اور واپس آ جائیں گے تو انہوں نے ہمیں اپنا ڈائننگ ہال استعمال کرنے کا کہہ دیا۔

تاہم ہم نے نیچے نالے میں اتر کر اور اس میں بنے ہوئے ایک ڈیک پر بیٹھ کر ناشتہ کیا۔ ریلیکس ہوئے اور واپسی کا سفر شروع کیا۔ ایک سائیکل کا چین ٹوٹ جانے کی وجہ سے کچھ دیر ہوئی تاہم ساڑھے دس بجے گھر پہنچ گئے۔ کتنا فاصلہ طے ہوا پر اختلاف رائے رہا۔ ایک ایپ 66 کلومیٹر بتا رہی تھی تو دوسری ایپ نے 70 کلومیٹر بتایا۔

Check Also

Neela Thotha

By Amer Farooq