1.  Home
  2. Blog
  3. Rehan Asghar Syed
  4. Sardion Mein Thand Se Kaise Bachen?

Sardion Mein Thand Se Kaise Bachen?

سردیوں میں ٹھنڈ سے کیسے بچیں؟

آج کل فیس بک پر ہر کوئی پند و نصائح کے ٹوکرے لادھے (زبردستی) دوسروں کو عقل مند بنانے پر تلا ہے ہم نے سوچا کہ ہم بھی اپنا حصہ ڈال لیں تاکہ کل کلاں کو دعویٰ کر سکیں کہ

ہمارا لہو بھی شامل ہے تزئین گلستان میں

ہمیں بھی یاد رکھنا جب چمن میں بہار آئے۔

اس سلسلے کے پہلے شذرے "جوتے پالش کرنے کے آداب کے بعد سردیوں میں ٹھنڈ سے کیسے بچیں؟ حاضر ہے۔

پہلے تو خود سے پوچھیں کہ ٹھنڈ سے بچنا کیوں ہے؟ آپ ماشاءاللہ جوان جہان اور ہٹے کٹے ہیں۔ اگر یوں ٹھنڈ جیسی معمولی چیزوں سے ڈرنے لگے تو پھر باقی کی زندگی یوں ہی ڈرتے اور چھپتے ہوئے ہی گزرے گی۔ علامہ صاحب نے غالباً اسی موقعہ کے لیے کیا خوب فرمایا ہے۔

تندیٔ باد (سرد) سے نہ گھبرا اے عقاب

یہ تو چلتی ہے تجھے اونچا اڑانے کے لیے

لیکن پھر بھی اگر آپ کم حوصلہ اور کمزور انسان ہیں تو درجہ ذیل تجاویز آپ کو سردی سے محفوظ بنا سکتی ہیں۔

1) ہجرت۔

سردی سے بچنے کا آسان حل تو یہی ہے کہ کسی گرم ملک کی طرف ہجرت کر جائیں۔ مشرق وسطیٰ کے کئی ٹڈی ٹدے نما ممالک رہائش کے لیے نہایت موزوں ہیں۔ اگر کسی وجہ سے یہ ممکن نہ ہو تو ملک کے ساحلی شہر کراچی تشریف لے جائیں، وہاں سردیوں میں بھی درجہ حرارت معتدل رہتا ہے البتہ جاتے ہوئے اپنے ساتھ ایک درجن موبائل فونز اور بٹوے لے جانا نہ بھولیں۔ بار بار خریدنے کی زحمت سے بچ جائیں گے۔ ٹوٹی سڑکوں، گندگی کے ڈھیر اور ٹریفک جام کو Avoid کرنے کے لیے ہیلی استعمال کریں اپنا نہ ہو تو فواد چوہدری سے پوچھ کر پچپن روپے کلومیٹر والا شیر شاہ کی کباڑی مارکیٹ سے بنوا لیں۔

2)گرم کپڑوں کا استعمال کریں۔

اگر کچھ ناگزیر وجوہات کی وجہ سے ہجرت کرنا ممکن نہ ہو تو ٹھنڈ سے بچنے کے لیے گرم کپڑوں کا استعمال کریں۔ کچھ لوگ موٹے کپڑے یا جیکٹ وغیرہ پہن کر اتراتے پھرتے ہیں کہ سردی سے بچ جائیں گے۔ حالانکہ گرم کپڑوں سے مراد وہ کپڑے ہیں جو پہننے سے پہلے گرم کر لیے جائیں۔ اس کے لیے جو طریقہ آپ مناسب سمجھیں استعمال کر لیں سردست ہمارے ذہن میں جو بات آ رہی ہے وہ یہ ہے کہ جو کپڑے پہننے ہوں انہیں مائیکرو ویو اوون میں رکھ کے پانچ منٹ کا ٹائمر لگا دیں اور پھر بھی بچ جائیں تو پہن لیں۔ ٹھنڈ آپ کے پاس بھی نہیں پھٹکے گی۔

3)گرم خوراک کا استعمال۔

گرم خوراک سے مراد لوگ توے سے اتری چپاتی اور گرم سالن لیتے ہیں حالانکہ اس کا مطلب گرم تاثیر والی اشیاء خورد و نوش کا استعمال بڑھانا ہے۔ اس لیے سردیوں کے آغاز میں ہی بازار میں ملازم کو بھیج کر چلغوزہ، پستہ (اچھے والا) کاجو (فرائی) اخروٹ (کاغذی) انجیر (درجہ اول) خشک لیکن نرم خوبانی من من یا فی نگ سو سو کلوگرام منگوا لیں۔ اور ہر وقت ان چیزوں کی جگالی کرتے رہیں۔ گھر سے نکلتے ہوئے جیکٹ کی جیبیں بھر لیں اور گاہے بگاہے پھکے مارتے رہیں۔ اس کے علاؤہ اعلیٰ نسل کی امپورٹڈ ٹراؤٹ فش، کھانے میں زیتون کا تیل اور تمام میٹھی اشیاء میں خالص شہد کا استعمال کریں۔ امید ہے ان اقدامات سے آپ کو سردی سے بچنے میں خاطر خواہ مدد ملی گی۔

اگر ہماری تجاویز آپ کو مہنگی لگیں تو جان لیں آپ کا مسئلہ سردی نہیں غربت ہے۔ اپنے حالات بدلنے کی کوشش کریں سردی سے خود ہی بچ جائیں گے۔

الداعی الی الخیر

Check Also

Phoolon Aur Kaliyon Par Tashadud

By Javed Ayaz Khan