Saturday, 18 May 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Zaara Mazhar
  4. Mare Ko Maare Shah e Madar

Mare Ko Maare Shah e Madar

مرے کو مارے شاہِ مدار

ایسا ہوتا ہے ناں کہ آج آپ نے ایک تقریب میں جانا تھا ہزار تلاش کے بعد معلوم ہوتا ہے کہ لپ اسٹک کا مطلوبہ شیڈ مل کر نہیں دے رہا، آپ گڑبڑا کے ادھر ادھر ہاتھ مارتے ہیں اور تمام باکسز کو بھی گڑبڑا دیتے ہیں آخری منٹوں میں کوئی بالکل آ ؤٹ کلر لگانا پڑے گا۔

آج کی تقریب کے لیئے ہفتہ بھر پہلے سوٹ پریس کر لیا تھا۔ میچنگ کی سینڈل اور اسسریز بھی الگ کر لیں کہ وقت پـڑنے پہ آسانی ہو اب عین نکلتے وقت دوپٹہ کھو گیا ہے۔ جانے کس وقت چپکے سے شرارت پہ آمادہ ہوا اور ہینگر سے ڈھلک کر الماری کے کسی کونے میں دُبک گیا تھا تاکہ آپ کا موڈ خراب ہو، منہ کا زاویہ بگڑے اور آپ مہنگے جوڑے، پرفیکٹ میک اپ کے باوجود اچھے نہ لگ سکیں۔

اشارہ کھلنے پر ہماری لین والی اگلی گاڑی کا ڈرائیور سوتا رہا جب کہ دائیں بائیں گاڑیاں فراٹے بھرنے لگتی ہیں آخر ہر بار ہماری لین والا اگلا کیوں؟ دو گھنٹے دودھ نہیں ابلے گا آپ جتنا چاہیں دودھ کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر دیکھتی رہیں یا چار آنکھیں دیگچی میں گاڑ کر کھڑی رہیں سانپ کی طرح اپنی کینچلی میں خاموشی سے دبکا رہے گا مگر صرف پلک چھپکنے سے ایک پھنکار کے ساتھ ابل پڑتا ہے خصوصاََ اس روز جس روز آپ چولہا دودھ والے کے آنے سے پہلے کھرچ کھرچ کر چمکا چکے ہوں۔

کسی پہاڑی مقام پر چڑھائی ہو آپ کا جوتا ضرور جواب دے گا اب باقی سب تو انجوائے کر رہے ہیں آپ کو جوتے کا غم ستائے جا رہا ہے کیوں کہ جاگرز آپ پہلے ہی ہوٹل کے کمرے میں بھول آئی تھیں۔ آج آپ نے گھر میں دوستوں کے ساتھ ایک تقریب بھر ملاقات رکھی ہے (خواتینی پرائم ٹائم دس گیارہ بارہ اور ایک بجے کے درمیان) آج میڈ تاکید کے باوجود ضرور لیٹ آئے گی یا سرے سے چھٹی ہی کر لے گی۔

کل ایک جوڑا خریدا تھا بلیک اور ریڈ کلر دونوں رنگوں میں چناؤ مشکل ہو رہا تھا کہ کونسا منتخب کیا جائے؟ دس دفعہ ساتھ لگا لگا کر دیکھا تھا اور دماغ سے پوچھا تھا ریڈ یا بلیک۔ ریڈ یا بلیک۔ آخر دل پہ پتھر رکھ کے ریڈ منتخب کیا اور گھر آ گئے لیکن دل بلیک میں ہی ریک کے ساتھ اٹکا آئے اور گھر میں داخل ہوتے ہی ریڈ والا بیکار لگنے لگا۔ اب گھر کے کسی کام میں دل نہیں لگ رہا دل آپکے پاس ہو گا تو ہی لگے گا۔

آخر آپ رات گئے کل واپس کر کے بلیک لینے کا حتمی سوچ کر سو گئیں کل بلیک کا نام و نشان نہیں ملے گا حالانکہ ریک بھرا ہوا تھا پچھلی کل۔ آپ جھنجھلا کر سوچیں ان بی بیوں کو بھی چین نہیں گھر نہیں ٹک سکتیں۔ لے کے سارے جوڑے اٹھا لئیے آپ مردہ سا دل لئے چہرہ لٹکائے واپس آئیں۔ برانڈز پہ میگا سیلز لگی ہوں آپ کو جو بھی جوتا پسند آئے اس کے فیورٹ کلر کا آپ کا سائز پہلے ہی کچھ اتاولی خواتین لے جا چکی ہوں اور آخری جوڑا بھی عین آپکی نظروں کے سامنے ایک اور خاتون جھپٹ لیں۔

آپ میکے یا سسرال والے گھر میں مدعو ہیں۔ دو بچے کسی ٹیسٹ میں یا پراجیکٹ میں پھنسے ہیں آ نہیں سکتے۔ اور بزرگ ترین فرد آپکو سخت سست سنا رہے ہیں کہ سب بچوں سے مل نہیں سکے جانے آ ئندہ ملاقات ہو نہ ہو۔ جو بچہ ہماری انگلی تھامے گھٹنے سے لگا کھڑا ہے اس سے تو مل لیجیے وہ پڑوس کا تھوڑی ہے۔

Check Also

Saifal Nama Bil Tehqeeq Az Molvi Lutf Ali Bahawalpuri

By Amir Khakwani