Saturday, 18 May 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Zaara Mazhar
  4. Tulsi

Tulsi

تُلسی

تلسی ایک تیز خوشبو والی ہرب یا جڑی بوٹی کا پودا ہے۔ ہندی میں تلسی، فارسی میں ریحان، اردو میں ناز بو اور انگریزی میں باسل کہتے ہیں۔ مشرق و مغرب دونوں معاشروں میں اسے طبی اور روحانی درجات حاصل ہیں اور بے پناہ فوائد مسلم ہیں۔ ہم اسے بالاتفاق بے مثل پودا کہہ سکتے ہیں۔ کئی تحقیقات کے نتیجے میں بوٹیوں میں اسے ملکہ بوٹی کا خطاب بھی دیا جا چکا ہے۔

مغرب میں سائنس نے اپنی جدید تحقیق و تجربات سے اس پودے کی پیدائش، نمو اور افزائش میں کئی جدتیں بھی کی ہیں جس کے نتیجے میں سبز پتوں کی رنگت گہری عنابی رنگت اور حجم بھی قدرے بڑا ہے، جس میں ریڈ ربن آرگینک باسل کو کافی پذیرائی حاصل ہے لیکن اس میں وہ دیسی اور قدرتی افادیت مفقود ہے۔ تاہم ہمارے ہاں بھی سردیوں میں کسی کسی علاقے میں اسکے پتے اپنی ہریالی کھونے لگتے ہیں۔

یہ خوبصورت بوٹے سے قد کی بوٹی جس کی اونچائی ساڑھے تین اور چار فٹ کی حد کے اندر ہی رہتی ہے بہت شوخ، زندہ دل اور خوشبو دار ہوتی ہے۔ ہوا کی ذرا سی چھیڑ چھاڑ سے بھی چھڑ جاتی ہے۔ دوپٹے کا پلو کھے جائے یا ہلکا سا ہاتھ لگ جائے تو خوشبو کی کھلی بوتل کی طرح اپنی عطر بیزی پھیلا دیتی ہے۔ اس خوش رنگ شوخ و چنچل بوٹی کو اگانا بے حد آسان ہے عموماً تو اسے اگانے کی ضرورت ہی نہیں پڑتی۔

جہاں اس کا ایک پودا لگا ہو ہوا اپنے ساتھ اڑا کے اسکے بیج ادھر ادھر بکھیر دیتی ہے جہاں جہاں بیج گریں وہاں وہاں اس کا پودا نمو پانے لگتا ہے۔ یہ پودا پودینہ کی فیملی سے تعلق رکھتا ہے انار دانہ، ہری مرچ کے ساتھ اسکی چٹنی بے حد مفید ہے۔ اب جدیدیت کا زمانہ ہے لوگ اسکی قدر اور روایت بھولتے جا رہے ہیں۔ خال خال محقق اور طبیب ہی اسکے فوائد سے آگاہی رکھتے ہیں۔ تاہم اتنی ناقدری کے باوجود قدرت نے خود ہی اس کی بقا کا بندوبست کر رکھا ہے۔

اس کا ایک خوشہ توڑ کر کمرے میں رکھیں اور اپنی شخصیت میں اس کے روحانی فضائل دیکھیں۔ اسکی صرف خوشبو ہی آپکو ٹینشن فری کر دے گی۔ پانی میں بھگو کر رکھیں اور غسل کرنے سے کئی جلدی امراض سے مدافعت اور انوکھی چستی و تازگی ملتی ہے۔ پھولوں کو کچل کے اور زعفران و ہلدی شامل کر کے خاص صابن اور ابٹن بنائے جاتے ہیں۔ جو کیل مہاسے بھی ختم کرتے ہیں اور نکھری ہوئی شفاف جلد کا باعث بھی ہیں۔

اسکے اندرونی و بیرونی استعمال سے جسم کے اندر فاضل و فاسد مادوں کا اخراج ممکن ہو جاتا ہے کئی بیماریوں کے خلاف مدافعت بنتی ہے۔ اگر جسم سوزش اور موٹاپے کی طرف مائل ہو تو اس کا قہوہ موٹاپا زائل کرنے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔ یہ قہوہ متلی اور الٹی کی کیفیت کو بھی روکتا ہے۔ اس سے ڈی ٹاکس واٹر بھی بنایا جا سکتا ہے۔ ذہنی تناؤ اور دباؤ کو ختم کر کے دماغی افعال کو درست کرتا ہے اس بوٹی میں کینسر سے لڑنے والے اینٹی آکسیڈنٹس بھی وافر پائے جاتے ہیں۔

ہندو مذہب اور معاشرے میں تو تلسی کو بڑا مقدس درجہ حاصل ہے۔ کہیں کہیں تو اسے گھروں میں باقاعدہ پوجا بھی کی جاتی ہے۔ مندروں میں اسکی دھونی کا بندوبست رکھا جاتا ہے۔ جراثیم کش پودا ہونے کے باعث مکھی، مچھر اور جراثیم کش ہے جو ایک مصفا ٹینشن فری ماحول مہیا کرتا ہے۔ مسلمان اسے مقدس تو نہیں مانتے نہ ہی ہمارے مذہب میں کسی درخت یا پودے کو اقدس کا درجہ حاصل ہو سکتا ہے لیکن استعمال کے فوائد مسلم ہیں اور عقلی دلیل رکھتے ہیں۔

Check Also

Kashmiriyon Se Bjp Kyun Darti Hai?

By Wusat Ullah Khan