Saturday, 20 April 2024
  1.  Home/
  2. Blog/
  3. Mahmood Fiaz/
  4. Do Qisam Ki Videos

Do Qisam Ki Videos

دو قسم کی ویڈیوز

ایک ویڈیو وہ ہوتی ہے جس میں ایک بڑی خرانٹ قسم کی عورت بڑی خبیث مسکراہٹ کے ساتھ بتا رہی ہوتی ہے کہ مرد سے بے وقوف دنیا میں کوئی چیز ہے ہی نہیں اس کو نا ذرا سی بات پہ بیوقوف بنایا جا سکتا ہے اگر اس کو ذرا سا مسکرا کر دیکھا جائے تو ساری شام وہ انتظار کرتا رہتا ہے آپ کی گلی کے سامنے۔ اور ذرا سی اس کو لفٹ کرا دو تو یہ آپ سے شادی کے چکر میں ہر چیز کرنے لگتا ہے۔۔ تو یہ بہت ہی بے وقوف ہوتا ہے۔ ہی ہی ہی

دوسری ویڈیو ہے جس میں ایک عورت ہی مرد کے بارے میں کہہ رہی ہے کہ مرد سے زیادہ اچھی چیز دنیا میں کوئی نہیں ہے آپ اگر خلوص دل کے ساتھ اس کی طرف ایک قدم بڑھائیں تو یہ آپ کے ساتھ ہزار قدم چلتا ہے آپ اس کے ساتھ ایک اچھا سلوک کریں تو یہ آپ کے ساتھ دس اچھی باتیں کرتا ہے۔

تو دونوں ویڈیوز کو دیکھ کے میں سوچ رہا تھا کہ اپنی اپنی پرسیپشن ہوتی ہے آپ کسی کو احمق یا بے وقوف سمجھ لیں آپ کے ساتھ اچھا سلوک کرنے پہ یا پھر اگر آپ کے اندر احسان مندی اور شکر ہے تو آپ اس کو ایک اچھا انسان سمجھ کے اس کے شکر گزار ہوں۔

یہ تو اپنی اپنی قسمت ہے اور اپنی اپنی سوچ ہے کہ آپ اپنے ساتھ جڑے رشتوں کو کس عینک سے دیکھتے ہیں ویسے غور کریں تو آپ کو اندازہ ہوگا کہ رشتوں میں بھی اگر ہم بہت زیادہ چالاکی دکھاتے ہیں مکاری اور عیاری سے معاملات چلانے کی کوشش کرتے ہیں تو ان رشتوں میں زہر گھل جاتا ہے لیکن اگر خلوص دل سے دوسرے کی عزت کرکے رشتے کو چلایا جائے تو عام طور پر جواب میں ہمارے اچھائی ہی ملتی ہے۔

بہت ساری خواتین کہیں گی کہ ہم نے تو بہت اچھا ہی کیا، ہمیں تو جواب میں ایسا کچھ نہیں ملا معذرت کے ساتھ دنیا میں اگر اچھائی کا جواب اچھائی ہے تو چانسز یہی ہیں کہ آپ نے اچھائی نہیں کی خود غرضی کی ہے یا تو آپ نے اپنے ساتھ جڑے رشتوں کو خاص طور پر اپنے خاوند کو اس کے باقی سارے رشتوں سے محروم کرنے کی کوشش کی ہوتی ہے یا پھر آپ نے لین دین کا ایسا نظام اپنے ذہن میں سوچا ہوتا ہے کہ جیسے ہی آپ نے کوئی اچھی بات کی اس کے جواب میں فوری طور پہ آپ کو اچھی باتیں ملنی چاہئیں۔

ایسا نہیں ہوتا۔۔ آپ کو بنیادی طور پر اچھا ہونا ہوتا ہے پھر ہی آپ کو اچھائی کا جواب اچھائی سے ملتا ہے ایسا نہیں ہوتا کہ آپ شخصی اور نفسیاتی طور پر تو زہریلے رویوں کا مظاہرہ کریں لیکن شوہر سے سٹریٹجیکلی اچھی ہی بن کر جواب میں اس سے اچھائی کی امید رکھیں بنیادی طور پہ خلوص شرط ہے پھر یقینا سامنے والے کے دل پر بھی اثر ہوتا ہے۔

یہاں میں ان خاوندوں کا بھی ذکر کرنا چاہوں گا جو اپنے رشتوں میں پرخلوص نہیں ہوتے لیکن بی بی سے ہر قربانی کی توقع رکھتے ہیں اور خلوص اور محبت اور وفا کی ڈیمانڈ کرتے ہیں اگر یاد رکھیں کہ آپ رشتے میں جتنا خلوص خود ڈالیں گے اتنا ہی دوسرے کی طرف سے آپ کو ملے گا۔

اللہ تعالی نے انسانی دلوں کو دماغی سودے بازی سے مختلف بنایا ہے آپ کے خلوص کا اثر اچھے دلوں پہ ضرور ہوتا ہے لیکن اس کے لیے ضروری یہ ہے کہ آپ خود بھی اپنے رشتوں میں پرخلوص رہیں۔

Check Also

Bijli Kyu Karakti Hai

By Javed Ayaz Khan